نائیجیریا کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران 2 خودکش دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 120 ہو گئی جب کہ 270 افراد زخمی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے شمالی شہر کانو کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہونے والے 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 120 ہو گئی ہے جب کہ 270 افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت
تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے حملہ کی ذ مہ داری قبول نہیں کی گئی لیکن اس بات کا امکان ہے کہ حملہ جنگجو تنظیم بوکو حرام کے شدت پسندوں نے کیا جو اس سے قبل بھی اس طرح کی کاروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کانو کی جامع مسجد میں گزشتہ روز نما جمعہ کی ادائیگی کے دوران 2 خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا جب کہ دیگر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں افراد جاں بحق ہوئے۔